ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پہلی صف میں کھڑا ہے: بہرام قاسمی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے علاقے میں ایران کے فوجی کردار کے بارے میں برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اظہار تشویش کو غیرحقیقت پسندانہ اور افسوس ناک قرار دیا ہے۔
بہرام قاسمی نے بدھ کے روز اس سلسلے میں کہا کہ ایران اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ دہشت گرد مشرق وسطی کے حساس اور اسٹریٹیجک علاقے کو اس سے زیادہ قتل و غارتگری کی جولان گاہ میں تبدیل کر دیں۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو علاقے کی صورت حال اور ایران کی پوزیشن کے بارے میں مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے تعمیری کردار پر برطانیہ کا اظہار تشویش اور بعض غیرحقیقت پسندانہ اور بے جا الفاظ اور جملوں کا استعمال تعجب کا باعث اور افسوس ناک ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لندن اور تمام یورپی دارالحکومتوں کو جان لینا چاہیے کہ ایران دہشت گردی کا ایک شکار ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پہلی صف میں رہا ہے اور اب بھی ہے۔
بہرام قاسمی نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ شام میں ایران کی موجودگی مشاورت کی سطح کی ہے اور یہ اس ملک کی قانونی حکومت کی درخواست پر انجام پائی ہے، امید ظاہر کی کہ امریکہ اور دیگر یورپی ممالک، تکفیری دہشت گردوں کو کچلنے اور علاقے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں ایران کی امن پسندانہ کوششوں کا ادراک کرتے ہوئے عوام کے حق میں عملی اقدام کریں گے۔