سانحہ منی کیس کی پیروی کی ضرورت پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے سربراہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی وکیلوں کے ذریعے سانحہ منی کیس کی پیروی کی جائے گی-
مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی عدلیہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے بین الاقوامی امور کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے سانحہ منی کو ایک سال پورا ہونے کے موقع پر کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ، بین الاقوامی وکیلوں کے ذریعے سانحہ منی کیس کی پیروی کرے گی-
غریب آبادی نے اس بات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہ سعودی عرب نے سانحہ منی کی تحقیقات کے لئے ابھی تک کوئی بھی محکمہ یا تحقیقاتی کمیشن تشکیل نہیں دیا ہے کہا کہ سعودی حکومت اپنے وعدوں کے برخلاف حجاج کرام کو سیکورٹی فراہم نہیں کرسکی اور ابھی تک اس نے سانحہ منی کے شہداء کے لواحقین کو معاوضہ بھی نہیں دیا ہے-
انہوں نے کہا کہ سانحہ منی کیس کی قانونی کارروائی ہونے تک اس واقعے کو زندہ رکھے جانے اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں میں اس کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے-
واضح رہے کہ گذشتہ سال حج کے موقع پر سرزمین منی پر آل سعود کی نا اہلی اور بد انتظامی کی بناء پر چار سو چونسٹھ ایرانی حجاج کرام سمیت ہزاروں زائرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے-