Sep ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • نئے تعلیمی سال کے موقع پر درس خارج میں رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

نئے تعلیمی سال کے موقع پر فقہ کے درس خارج میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ علماء کا اولین اور اہم ترین فریضہ دین اور عفت و حیا کو مٹانے کے منصوبوں کا مقابلہ کرنا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے منگل کو حوزہ ہای علمیہ ( علمی مراکز) کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے پہلے درس خارج میں اصول دین سے عوام اور جوانوں کے ذہن و دل کو منحرف کرنے کے لئے انجام پانے والے وسیع منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا حوزہ ہای علمیہ اور علماء کو چاہئے کہ سائبر اسپیس اور اس سے استفادے کے مواقع کی شناخت کے ذریعے اسلامی تعلیمات سے لوگوں کو آگاہ کریں-

حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے دینی مسائل کی نشر و اشاعت اور اسے بیان کرنے میں " فرض شناسی " اور "موقع ومحل کی شناخت " کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا اگر انسان اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کا صحیح طور پرادراک نہ کرسکے تو علم و تقوی حتی شجاعت کا بھی موثر اور مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوگا-

آپ نے لوگوں کے ایمان و عقائد کے خلاف وسیع پیمانے پر کی جانے والی منصوبہ بندیوں اور اس سلسلے میں بھاری رقومات خرچ کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن لوگوں میں شبھات پیدا کرنے اور اسی طرح عفت وحیا مخالف اقدامات کے ذریعے، مومن جوانوں کو اصول دین سے منحرف کرنے اور عفت و حیا کا پردہ چاک کرنے کے درپے ہے اور آج یہ کام سائبر اسپیس کے ذریعے انجام پا رہا ہے- 

حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے اس منصوبے سے مقابلے کو علماء کا پہلا اور اہم ترین فریضہ قرار دیا اور فرمایا کہ علمی مراکز اور علمائے دین کو، اپنے آپ میں دشمن کے عظیم لشکر سے مقابلے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہئے-

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سائبر اسپیس میں فوائد و نقصانات دونوں ساتھ ہیں اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے صحیح استعمال کے ذریعے اور مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی وسیع پیمانے پر ترویج کی جائے-

حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے روزمرہ کے شبہات اور ان کے جواب کی شناخت کو علمی مراکز کے اہم کاموں میں سے قرار دیا اور فرمایا کہ یہ کام  فقاہت سے کوئی منافات نہیں رکھتا کیوں کہ فقہ، احکام عملی میں ہی منحصر نہیں ہے بلکہ " فقہ اللہ الاکبر " درحقیقت وہی اسلامی تعلیمات ہیں اور دین میں پیدا کئے جانے والے شبہات کے جواب کے لئے بھی، فقہ کے تعلق سے انجام پانے والی وسیع و صحیح کاوشوں کی مانند اقدام اور عمل کی ضرورت ہے-

 

ٹیگس