مشرق وسطی کے مسائل صرف علاقائی ممالک کے تعاون سے حل ہونے چاہئیں : صدر حسن روحانی
-
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ علاقے کی حکومتوں کا فرض ہے کہ عالم اسلام میں اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کریں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کے مسائل صرف علاقے کے ممالک کے تعاون اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہونے چاہئیں -
ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کی شام امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے علاقے کے ملکوں خاص طور پر خلیج فارس کے ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تہران تعاون کے اس عمل کو مضبوط بنانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا اور اس سلسلے میں سبھی کو کوشش کرنا چاہئے- ایران کے صدر نے علاقے میں دہشت گردی، تشدد اور انتہاپسندی کے فروغ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ علاقے کی حکومتوں کا فرض ہے کہ مسلمانوں کو دہشت گردی سے بچانے اورعلاقے میں استحکام نیز عالم اسلام میں اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کریں-
اس گفتگو میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے صدرحسن روحانی اور ایرانی حکومت و قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قطر، تمام میدانوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے اور تہران کے ساتھ خصوصی اور ممتاز تعلقات کا خواہاں ہے- امیر قطر نے ایران اور جنوبی خلیج فارس کے ممالک کے درمیان مذاکرات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقے میں خاص پوزیشن اور کردار کا حامل ہے کہ جو قطر کے مفادات میں بھی ہے-