عید سعید غدیر خم مبارک
آج تیس شہریور مطابق اٹھارہ ذی الحجہ اور بیس ستمبر ہے۔ آج مسلمانوں کی ایک بڑی عید، عید غدیر ہے۔
غدیر خم مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک علاقے کا نام ہے کہ جہاں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر حضرت علی علیہ السلام کو اپنے بعد ولی اور خلیفہ مقرر کیا تھا۔
پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر حج میں شریک تمام مسلمانوں کو غدیر خم کے علاقے میں جمع کیا اور وہاں ہزاروں حاجیوں کے مجمع میں حضرت علی علیہ السلام کو خداوند متعال کی جانب سے اپنا وصی، ولی، جانشین اور برادر قرار دیا۔
آپ نے غدیر خم کے اہم خطبے میں فرمایا کہ "من کنت مولاہ فھذا علی مولاہ"۔ جس کا میں مولا ہوں میرے بعد علی اس کے مولا ہیں۔
غید غدیر کو اسلامی روایات میں عیدالاکبر یا سب سے بڑی عید قرار دیا گیا ہے، اسے تمام ادیان الھی کی سب سے بڑی عید کہا جا سکتا ہے۔ اس لیے کہ اللہ کے تمام انبیاء اور رسولوں کی زحمتیں اور کوششیں اس دن بارآور ثابت ہوئیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت پوری دنیا میں عاشقان محمد و آل محمد عید غدیر انتہائی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔