ایران میں دنیا کا سب سے بڑا عید غدیر کا جشن (ویڈیو)
عید اکمال دین عید غدیر کا عظیم الشان جشن ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقد ہوا جسے اپنی نوعیت کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا جشن قرار دیا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ایران: تہران سے ہمارے نمائندے کے مطابق دارالحکومت تہران میں دس کلومیٹر کے رقبے میں یہ جشن غدیر منعقد ہوا جس کا سلسلہ شام پانچ بجے شروع ہوا اور رات گیارہ بجے تک جاری رہا۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولایت پر ہونے والے اس جشن میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں ایرانی عوام نے شرکت کی۔
جشن تہران کے آزادی اسکوائر اور امام علی ایکسپریس وے کے درمیان دس کلومیٹر سے زائد کی مسافت میں منایا گیا۔ جشن کے دوران جہاں منقبت خوانی، شعر خوانی، ترانہ خوانی اور تقاریر کا سلسلہ جاری رہا وہیں مختلف شعبوں کے فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر کے جشن میں شریک عاشقان ولایت کے لاکھوں پروانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔
عوام کی میزبانی کے لئے دو ہزار سے زائد موکب لگائے گئے تھے جن میں چون ہزار سے زائد رضاکاروں نے مختلف انداز میں اپنی خدمات پیش کیں۔ اس موقع پر بچوں کی دلچسپی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے اور دس کلومیٹر طویل پلے لینڈ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ ملکی سطح پر مساجد، حسینیوں اور مقدس مقامات میں ہونے والے جشن کے علاوہ ایران کے تین سو شہروں کی سڑکیں اس نوعیت کے جشن کی میزبان تھیں۔