Sep ۲۱, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ، حسین جابری انصاری
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ، حسین جابری انصاری

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابری انصاری نے کہا ہے کہ شامی حکومت کی ہم آہنگی کے بغیر کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدامات حتی اگر قلیل مدت میں مثبت نتائج کے حامل بھی ہوں تو طویل مدت میں الٹا نتیجہ دیں گے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق حسین جابری انصاری نے منگل کے روز دمشق میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ شام میں ایران کے تمام اقدامات اس ملک کی حکومت کی ہم آہنگی سے انجام پا رہے ہیں، کہا کہ شامی حکومت کی ہم آہنگی کے بغیر اس ملک میں کوئی اقدام قابل قبول نہیں ہے اور اس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف جنگ بندی کی بات کی جائے اور دوسری جانب دہشت گردی کی حمایت کی جائے۔ چند روز قبل جو کچھ دیرالزور میں ہوا اس نے امریکی مقاصد اور پالیسیوں کے بارے میں کئی سنجیدہ سوال پیدا کیے ہیں۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ بعض طاقتیں ہر قسم کی جنگ بندی کی مخالف ہیں کیونکہ ان کی سیاست کا دارومدار شام میں بحران کے جاری رہنے پر ہے۔ جابری انصاری نے مزید کہا کہ شام کے اتحاد اور ارضی سالمیت کے ذمہ دار شامی عوام ہیں اور جب تک ملت شام میں اس سلسلے میں پختہ عزم موجود ہے اس کی ارضی سالمیت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے شام کی قوم، حکومت اور سیاسی و سماجی گروہ صحیح پالیسیاں اختیار کر کے بحران شام کے خاتمے کا راستہ ہموار کریں گے۔

ٹیگس