سانحہ منی' آل سعود کے لئے باعث ننگ و عار
ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ سانحہ منی' آل سعود کے دامن پر ایسا بد نما داغ ہے جو کبھی نہیں مٹے گا-
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے جمعرات کو تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ منی' اور اس میں بیت اللہ کے دسیوں حاجیوں کی شہادت ایسا ننگ ہے جو ہرگز بھلایا نہیں جا سکتا- علی شمخانی نے کہا کہ سعودی رویہ منی' سانحے کی بھینٹ چڑھنے والوں کے اہل خاندان سے معافی نہ مانگنا اور اس سانحے کو جنم دینے والوں کی شناخت کے کام کو اہمیت نہ دینا اس میں سعودی حکومت میں شامل عناصر کے ملوث ہونے کے شک کو تقویت پہنچاتا ہے-
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے مغرب کی جانب سے آل سعود کے جرائم کی بے دریغ حمایت اور انسانی المیوں کے سلسلے میں دہرے معیارات اختیار کئے جانےکو مختلف میدانوں میں سعودیوں کے جرائم میں اضافے کا باعث قرار دیا-
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب یمن ، شام اور عراق میں مسلم کشی اورجرائم کا اصلی ذمہ دار ہے اور علاقے میں اسرائیلی حکومت اور مغرب کی اسٹریٹیجی میں شامل رہا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی حقوق کے سلسلے میں امریکہ کے دعوے اور نعرے جھوٹے اور کھوکھلے ہیں - دوہزار پندرہ میں آل سعود کی بد انتظامی کی بنا پررونما ہونے والے سانحہ منی' میں چارسو چونسٹھ ایرانی عازمین حج سمیت ہزاروں افراد مناسک حج کے دوران شہید ہوگئے تھے-