مختلف ممالک سے بحری رابطوں کو فروغ دینے کی کوشش
-
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر، ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے بحری رابطوں کو فروغ دینے کا مقصد ایرانوفوبیا کو روکنا ہے کہ جو سامراج کی جانب سے پھیلایا جا رہا ہے-
ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فوج کی اسٹریٹیجک بحریہ فورس کا شمالی بحرہند اور دیگر سمندری علاقوں کے دوروں کا مقصد درحقیقت بحری رابطوں کو فروغ دینا ہے-
بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ جب ہم مختلف بندرگاہوں پر ملکوں سے رابطہ کرتے ہیں اور دنیا و علاقے میں امن و دوستی کا پیغام دیتے ہیں تو یہ سب کے لئے بہت دلچسپی کا باعث ہوتا ہے اور وہ یہ جان لیتے ہیں کہ ایران کے عوام امن پسند، سمجھدار، دیانت دار اور منطقی ہیں-
انھوں نے کہا کہ ہمارے بحری بیڑے اسی حکمت عملی کے ساتھ مختلف ملکوں کی بندرگاہوں کا سفر کرتے ہیں اور اس کے جواب میں بہت سے ممالک کے وفود ہماری شمالی اور جنوبی بندرگاہوں کا دورہ کرتے ہیں اور اسی تناظر میں گذشتہ ہفتے اٹلی کے ایک اعلی فوجی وفد نے ایران کا دورہ کیا تھا کہ جو اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے ساتھ ہمہ گیر تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے-
ایران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ کل بھی ہم نے ایک بحری بیڑا پاکستان کے لئے روانہ کیا ہے جو ستائیس ستمبر کو کراچی بندرگاہ پر پہنچے گا -