ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ممالک پر عراقچی کی تنقید
ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ممالک کی جانب سے ان ہتھیاروں کو ختم کرنے کے لئے کوئی قدم نہ اٹھائے جانے پر تنقید کی ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے کنونشن کی سالگرہ کے موقع پر کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ملکوں کی جانب سے ان ہتھیاروں کو ختم کرنے کے سلسلے میں کوئی پیشرفت نظر نہیں آ رہی ہے-
نیویارک سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچی نے نیویارک میں ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے کنونشن کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ گذشتہ اکھہتر برسوں کے دوران نہ صرف ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی کوششیں کم نہیں ہوئی ہیں بلکہ اس میں حالیہ برسوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے دو ہزار تیرہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے ہرسال چھبیس ستمبر کو اس اعلی سطحی اجلاس کو منعقد کرنے کے فیصلے کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کے انعقاد کا مقصد ایٹمی ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ اور ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال پرقانونی پابندی عائد کرنا ہے- عباس عراقچی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ہم سب کو ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ممالک سے ایٹمی اسلحے ترک کرانے کے مقصد کے حصول کی کوششیں تیز کردینا چاہئے، کہا کہ عالمی امن و ثبات کے لئے ایٹمی ہتھیاروں کا خطرہ دور کرنے کے لئے موثر اور ہمہ گیر اقدامات کی ضرورت ہے-