امارات و بحرین کے بے بنیاد دعوے مسترد
اسلامی جمہوریہ ایران نے دوسرے ملکوں میں ایران کی مداخلت پر مبنی متحدہ عرب امارت اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے بیانات کو بے بنیاد اور سفید جھوٹ قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر کے فرسٹ سیکریٹری عباس یزدانی نے منگل کی رات نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے ملکوں میں ایران کی مداخلت کے بارے میں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے بیانات پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز اور عیارانہ دعوی ایسے عالم میں کیا جا رہا ہے کہ امارات کے طیارے یمن کے عام شہریوں پر ہر روز بمباری کررہے ہیں-
عباس یزدانی نے ایرانی جزیروں کے بارے میں عرب امارات کے وزیرخارجہ کے بیان کو ایران کی ارضی سالمیت کو نشانہ بنانے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے دعؤوں کی تکرار سے ان جزیروں کو جو ایران کا جزء لاینفک ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، ایران سے الگ نہیں کیا جا سکتا-
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کے فرسٹ سیکریٹری نے بحرین میں مداخلت کے سلسلے میں اس ملک کے وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیان کے جواب میں تاکید کے ساتھ کہا کہ اس سلسلے میں آزاد تحقیقاتی کمیشن نے ،جسے بحرین نے تشکیل دیا تھا، اپنی رپورٹ میں واضح لفظوں میں کہا ہے کہ بحرینی حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے ثبوتوں سے بحرین میں ایران کی مداخلت کا دعوی ثابت نہیں ہوتا-
عباس یزدانی نے علاقے کے بعض عرب ممالک کی جانب سے خلیج فارس کا فرضی و جعلی نام، خلیج عرب استعمال کئے جانے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران، خلیج فارس میں اپنے پڑوسی ممالک سے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کا خواہاں رہا ہے اور بدگمانی دور کرنے کی غرض سے بات چیت کے لئے تیار ہے-