ایران کے طبی سامان اور ادویات کی برآمدات میں اضافہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ رواں سال میں ایران کی ادویات اور طبی مصنوعات کی برآمدات کے حجم میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے-
ایران کی صنعت، معدنی وسائل اور تجارت کے نائب وزیر مجتبی خسرو تاج نے ایران کے صوبے یزد میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایرانی ایکسپورٹرز کو ایوارڈ دینے کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال مختلف ادویات اور طبی ساز و سامان، جن کی مالیت ایک سو تین ملین ڈالر ہے برآمد کئے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں پچاس فیصد زیادہ ہے-
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے چھ ارب ڈالر کی غیر تیل(غیرپیٹرو) مصنوعات برآمد کی گئیں جو کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں قابل قدر اضافہ ہے- خسرو تاج نے کہا کہ ہم نے سات ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات بھی برآمد کی ہیں -
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے خلاف دشمن کی پابندیاں اس بات کا سبب بنیں کہ بعض شعبوں میں نئی ٹیکنالوجی نہ ہونے کے باعث ان شعبوں میں پروڈکشن میں مشکلات پیش آئیں-