ایٹمی معاہدے کی خلاف وزری کے نتائج کی بابت انتباہ
سلووینیا کے صدر نے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی خلاف وزری کے نتائج کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
تہران پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر بروت پاخور نے کہا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں تنازعات کے پرامن حل کے حوالے سے بداعتمادی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ہونے والا ایٹمی معاہدہ بہت بڑی کامیابی ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کے عالمی امن و سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
صدر بروت پاخور نے اپنے دورہ ایران کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد، ایران کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور سیاسی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سلووینیا کے صدر بروت پاخور ایک اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد کے ہمراہ پیر کے روز تہران پہنچے ہیں۔ ان کے دورہ تہران کے موقع پر ایران اور سلووینیا کے درمیان متعدد سمجھوتوں دستخط کیے جائیں گے۔