Nov ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • دہشت گردی سے مقابلے پر ایران اور سلوینیا کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے مشترکہ ثقافتی تعاون اور پرامن طریقوں سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے-

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے سلوینیا کے وزیرخارجہ کارل اریاویٹس سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی علاقے اور دنیا کے بہت سے ملکوں کا مشترکہ مسئلہ ہے - انہوں نے دہشت گردی کے خلاف صرف فوجی طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ  ثقافتی اور نظریاتی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ایران اور سلوینیا کا موقف ایک جیسا ہے-

انہوں نے سلوینیا کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے دورہ ایران کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک مثبت قدم بتایا اور کہا کہ انرجی ، مالیات ، بینکنگ ، سیاحت ، ویزا کے قوانین میں آسانی اور ثقافتی و تعلیمی امور میں دوطرفہ تعاون کے لئے حالات سازگار ہوگئے ہیں - سلوینیا کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں دوہزار سترہ میں سلوینیا میں ایران اور سلوینیا کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سلوینیا کے تاجر اور صنعتکار ایران کے نجی اور سرکاری شعبوں میں تعاون کرنے کے خواہشمند ہیں -

انہوں نے علاقے میں امن و استحکام  کی برقراری کے تعلق سے ایران کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شام اور عراق میں اگر امن برقرار رہےگا تو یہ پوری دنیا کے لئے بہت ہی اہم ہے - سلوینیا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کے مسائل اور اختلافات بات چیت اور سفارتی طریقوں سے حل کئے جاسکتےہیں -

ٹیگس