محمد جواد ظریف چین کے دورے پر بیجنگ روانہ
-
چین اور ایران کے وزرائے خارجہ کی بیجنگ میں ملاقات
ہندوستان کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے اختتام کے بعد ایرانی وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی دعوت پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچ گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بیجنگ پہنچنے کے بعد سب سے پہلے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی توسیع اور عالمی اور علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ دلچسپی کے موضوعات پر بات چیت کی اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر غور کیا۔ ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں، تاکید کی کہ ہمہ گیر تعلقات کے فروغ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
واضح رہے تئیس جنوری کو چین کے صدر شی جین پینگ نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔ چینی صدر کے دورہ تہران کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں منجملہ اقتصادی، صنعتی، ثقافتی اور عدلیہ میں تعاون کی سترہ دستاویزات پر دستخط کیے گئے تھے۔