Dec ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
  • علاقے میں امریکی تسلط پسندی کا خاتمہ ہو چکا ہے: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقے میں مغرب خاص طور پر امریکی تسلط کا خاتمہ ہو چکا ہے-

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو بیجنگ یونیورسٹی کے طلبا کے اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد سے مغرب میں ایک غلط تصور یہ پایا جاتا تھا کہ یہ مغرب کے لئے ایک کامیابی تھی اور اسی طرز فکر کے تناظر میں امریکہ نے یہ کوشش کی خود کو دنیا کی واحد سپر پاور کے طور پر پیش کرے-

جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ نے اسی دائرے میں عراق اور افغانستان جیسے ملکوں پر قبضہ کرلیا تاکہ دنیا والوں پر اپنی طاقت کا لوہا منوا سکے لیکن اب دنیا سے تسلط پسندی کا خاتمہ ہو رہا ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح سیاسی مذاکرات کے ذریعے شام کے بحران کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین خود کو سپر پاور ظاہرکرنا نہیں چاہتا ہے بلکہ وہ عالمی مسائل منجملہ شام کے مسئلے میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے-

ایران کے وزیر خارجہ نے تہران اور چین کے تعلقات کو بھی اسٹریٹیجک قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور چین نے ہمیشہ باہمی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے-

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف ، ہندوستان کے شہر امرتسر میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے بعد اپنے ایشیائی دورے میں اتوار کی رات کو چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے ہیں-

  

ٹیگس