ایران جاپان اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید
ایران کے وزیر خارجہ محمد جودا ظریف نے تہران ٹوکیو تعلقات کے فروغ پر زور دیا ہے۔
جاپان کے محکمہ بیرونی تجارت کے سربراہ ای شی گے کے ساتھ ملاقات میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران، جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے پوری طرح مستحکم اور محفوظ ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تیل برآمد کرنے والا وہ واحد ملک ہے جس کی اقتصادی ترقی پر تیل کی قیتموں میں کمی کا کوئی اثر نہیں پڑا۔
انہوں نے ایران اورجاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ میں بینکاری کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران ٹوکیو کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کا پختہ عزم رکھتا ہے۔
جاپان کے محکمہ بیرونی تجارت کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ، ایران میں جاپان کی تجارتی اور مالیاتی سرگرمیوں میں اضافے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
اس موقع پر ماحولیات، آٹوموبائل اور دواسازی کے میدان میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور ایران میں جاپان کے محکمہ بیرونی تجارت کی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایشیائی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں منگل کی شب چین کے دارالحکومت بیجنگ سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچے ہیں۔
وہ ٹوکیو میں اپنے قیام کے دوران جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے کے علاوہ ، معیشت ، صنعت و تجارت اور خارجہ امور سے متعلق جاپانی وزیروں سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔