Dec ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران سرمایہ کاری کے لیے مستحکم اور محفوظ ملک ہے: محمد جواد ظریف

ایران بیرونی سرمایہ کاری کے لیے دنیا کا سب سے مستحکم اور محفوظ ملک ہے۔

یہ بات ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوکیو میں ایران اور جاپان کی پہلی تجارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے تجارتی اداروں کو ایران اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کا اہم محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ، دونوں ممالک سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کو تیزی کے ساتھ فروغ دے سکتے ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور شمال جنوب کوریڈور میں ایک پل کی حثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران، بندر عباس سے خلیج فارس کے ملکوں اور چابہار کی بندرگاہ کے ذریعے وسطی ایشیا، جمہوریہ آذربائیجان اور قفقاز کے ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملاتا ہے لہذا عالمی اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے افغانستان میں انسداد منشیات کے سلسلے میں ایران اور جاپان کے درمیان تعاون کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا عملی نمونہ قراردیا اور کہا یہ تعاون دیگر شعبوں کے لیے مثال بن سکتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی اور خطے کو درپیش دیگر مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں سرماریہ کاری اور تجارت کے لیے بہترین اور مثالی سیکورٹی کا مالک ہے اور جاپانی سرمایہ کاروں کو اس سے بھرپور فائد اٹھانا چاہیے۔
محمد جواد ظریف ایشیائی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں منگل کی شب چین کے دارالحکومت بیجنگ سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو پہنچے ہیں۔

 

ٹیگس