Dec ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۴ Asia/Tehran
  • جاپانی وزیر اعظم سے وزیرخارجہ جواد ظریف کی ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ٹوکیو میں جاپان کے وزیر اعظم سے ملاقات میں مختلف مسائل پر گفتگو کی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دورہ ٹوکیو میں جمعرات کی صبح جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی مسا‏ئل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل جاپان کے وزیر صنعت، اقتصاد و تجارت ہیرو شیگے سیکو سے گفتگو میں محمد جواد ظریف نے ایران اور جاپان کی قوموں کے درمیان تعلقات کے ایک ہزار سالہ ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلقات کا یہ ماضی دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں وسیع تعاون کی بنیاد قرار پا سکتا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے دورہ جاپان میں سرکاری اور نجی شعبوں سے متعلق ایران کے اقتصادی وفد کی ہمراہی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے اچھے مواقع پائے جاتے ہیں۔ اس ملاقات میں جاپان کے وزیر صنعت، اقتصاد و تجارت ہیرو شیگے سیکو نے بھی ایران کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقے کا ایک بڑا ملک ہے جو علاقائی امن و استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ٹوکیو اس سلسلے میں تہران کی حمایت کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، جاپان کے دو روزہ دورے پر منگل کو ٹوکیو پہنچے جہاں انھوں نے اس ملک کے مختلف اعلی حکام منجملہ جاپان کے وزیر اعظم، وزیرخارجہ اور مختلف دیگر حکام سے ملاقات کی۔

ٹیگس