ایران: شیخ علی سلمان کو سزائے قید سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت
Dec ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۶ Asia/Tehran
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین کے سرکردہ سیاسی رہنما شیخ علی سلمان کو سزائے قید سنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ پرامن اور اعتدال پسند رہنماؤں کے خلاف غیر منصفانہ فیصلوں میں، سخت گیر اقدامات کے نتیجے میں بحرین کی مشکلات میں نہ صرف کوئی کمی واقع نہیں ہو گی بلکہ وہ لوگ، ناامید بھی ہو جائیں گے جو پرامن جدوجہد پر ایمان رکھتے ہیں۔ بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ بیرونی طاقتوں کو اڈے دینا اور غیر ملکیوں کو سیکورٹی اداروں میں بھرتی کرنا سیاسی بحران کے حل کا مناسب طریقہ نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی طاقت اور قومی آشتی کے ذریعے ہی کسی بھی ملک کی سلامتی اور اقتدار کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔