ایران اور قرقیزستان کے درمیان تعاون کے پانچ معاہدوں پر دستخط
اسلامی جمہوریہ ایران اور قرقیزستان کے صدور نے جمعے کے روز بیششک میں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔
صدارتی محل میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد ڈاکٹر حسن روحانی اور آلماس بیگ آتامبایف کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے پانچ سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے ، جن میں فن و ثقافت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، منشیات کی پیداوار، اسمگلنگ اور منشیات کے استعمال کا مقابلہ ، نیز سیاحت، طب و صحت اور سماجی شعبے میں تعاون کے شعبے شامل ہیں۔
صدر مملکت کے دورہ قرقیزستان کے دوران اسی طرح دونوں ملکوں کے درمیان دو ہزار سولہ سے لے کر دو ہزار چھبیس تک کے لیے طویل المدت تعاون کے پروگرام کا بھی اعلان کیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اپنے کئی ملکوں کے دورے کے آخری مرحلے میں جمعرات کی رات بیشکک پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر قرقیزستان کے صدر الماس بیگ آتامبایف نے ان کا سرکاری استقبال کیا۔ صدر مملکت نے اس سے قبل بدھ کے روز آرمینیا کا دورہ کیا تھا۔ اور اس ملک کے صدر کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ ان کے اس دورے کے دوران ایران اور آرمینیا کے مابین بھی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔