آیت اللہ شیخ باقر النمر کی شہادت کی پہلی برسی ، ایرانی پارلیمنٹ کا بیان
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے سعودی حکومت کے ہاتھوں ممتازعالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو مظلومانہ طریقے سے شہید کئے جانے کی ایک بار پھر مذمت کی ہے
ایران کی مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے ارکان نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے سعودی حکومت کے ذریعے آیت اللہ شیخ باقر النمر کو بے دردی کے ساتھ شہید کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ آل سعود کے اس قسم کے انسانیت سوز اقدامات کے سلسلے میں اپنے دوہرے معیار سے اجتناب کریں اور اپنے قانونی اوراخلاقی فرائض پر عمل کریں - ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے منگل کوآیت اللہ شیخ باقر النمر کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پرایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ آیت اللہ شیخ نمر کی پھانسی اور شہادت وہ بھی ایک ایسے وقت جب دہشت گردوں نے علاقے کے امن و استحکام کوخطرے سے دوچار کررکھا ہے سعودی حکام کی انتہائی بے تدبیری اور غیرذمہ دارانہ رویّے کی عکاسی کرتی ہے - ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کہ جس نے گذشتہ برسوں کے دوران علاقے میں دہشت گردوں کی حمایت اور یمن پر حملہ کرکے دسیوں ہزار یمنی شہریوں کو خاک و خون میں غلطاں اور بے گھر کردیا ہے اور علاقے کے دیگر ملکوں میں بھی عدم استحکام پیدا کررکھا ہے عملی طور پر علاقے میں اختلافات کو ہوا دینے کی پالیسی پر گامزن ہے - ایران کی پارلیمنٹ کے ارکان نے کہا کہ سعودی حکومت نے اپنے غیر انسانی اقدام کے تحت اور بین الاقوامی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے عالم اسلام کے بزرگ اور ممتازعالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو شہید کیا ہے-