عباس عراقچی کی آئی اے ای اے کے مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی ضرورت پر تاکید
ایران کے سینئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے آئی اے ای اے کے مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
جامع ایٹمی معاہدے سے متعلق مشترکہ کمیشن میں ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی نے منگل کی رات ویانا میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو سے ملاقات میں ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں کہ جس میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی میں ایران کے نمائندے رضا نجفی بھی شریک تھے، ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی نے ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ جس کی آئی اے ای اے نے بھی تصدیق کی ہے، ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا امانو نے بھی ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے اس معاہدے سے متعلق ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کا مثبت کردار جاری رہنے پر تاکید کی۔