Jan ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • سیکورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے ، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ سبھی ملکوں کو چاہئے کہ وہ طرح طرح کے سیکورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں

بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے بدھ کو تہران میں انسداد منشیات کے محکمے کے پولیس سربراہوں کے اجلاس میں  تقریرکرتے ہوئے کہا کہ مختلف میدانوں خاص طورپر انسداد منشیات کے  میدان میں  بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ایران کے محکمہ پولیس کا تعاون اطمینان بخش ہے - انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کوئی ایک ملک تنہا مختلف قسم کے خطرات کا مقابلہ نہیں کرسکتا کہا کہ بین الاقوامی مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جانا چاہئے کیونکہ انسداد منشیات کے میدان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی قربانیاں اور زحمتیں عالمی برادری کے لئے محتاج بیان نہیں ہیں اور دنیا اس سلسلے میں ایران کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے - اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کو دو بین الاقوامی خطرہ قراردیا اور کہا کہ تمام ملکوں کے باہمی تعاون سے ہی ان خطرات کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے - انہوں نے کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے بعد  بین الاقوامی میدان میں پہلے سے زیادہ سرگرم کردار ادا کررہا ہے اور منشیا ت کے اسمگلروں کا زیادہ سنجیدگی اور ٹھوس طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے اس مثبت ماحول سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے -  نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران نے انسداد منشیات کی راہ میں چار ہزار سے زائد اپنے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس کے جوانوں کی قربانی پیش کی ہے -  ان کا کہنا تھا کہ ایران کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انسداد منشیات کے میدان میں اپنا لوہا منوایا ہے -

 

ٹیگس