Jan ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران: پلاسکو عمارت کے ملبے سے مزید لاشیں برآمد

تہران کے تباہ شدہ پلاسکو تجارتی کمپلیکس کے ملبے سے جمعرات کو فائربریگیڈ عملے کے مزید دو اہلکاروں کی لاشیں نکالی گئیں۔

ایران کے فائربریگیڈ کے ادارے کے ترجمان جلال ملکی نے جمعرات کو بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران آتشزدگی کے بعد زمیں بوس ہونے والی سترہ منزلہ عمارت کے ملبے سے فائربریگیڈ کے عملے کے مزید دو افراد کی لاشیں باہر نکالی گئیں۔


اس سے قبل بدھ کے روز پلاسکو عمارت کے ملبے سے فائربریگیڈ کے عملے کے مزید سات افراد کی لاشیں باہر نکالی گئیں تھی۔
گذشتہ آٹھ روز سے جاری امدادی کارروائیوں اور ملبہ ہٹانے کے کام کے دوران سات افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں تین فائربریگیڈ کے عملے کے افراد اور چارعام شہری ہیں جبکہ فائربریگیڈ کا ایک کارکن شدید زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں شہید ہو گیا تھا۔


فائربریگیڈ کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ کو بھی جو سات کارکنوں کی لاشیں ملی ہیں وہ ملبے کے نیچے ایک دوسرے کے قریب ہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کا کام پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔


گذشتہ جمعرات کو تہران کے مرکز میں واقع سترہ منزلہ پلاسکو تجارتی کمپلیکس میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد عمارت زمیں بوس ہوگئی تھی۔


آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائربریگیڈ کے عملے کے متعدد افراد آگ سے دوچار اور تباہ شدہ عمارت کے ملبے میں دب گئے تھے جنھیں باہر نکالنے کا کام ابھی بھی جاری ہے۔

ٹیگس