ایران پاکستان تعلقات کی اہمیت پر تاکید
ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی میدانوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات و تعاون کی توسیع، ایران کے لئے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے جمعے کے روز اپنے دورہ اسلام آباد کے تیسرے روز پاکستان کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین اویس احمد خان لغاری سے ملاقات میں کہا کہ ایران پاکستان کے تعلقات کو تمام شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے اویس لغاری کو فلسطین کی حمایت میں تہران کانفرنس میں شرکت کا دعوتنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین، عالم اسلام کا ایک اہم ترین مسئلہ رہا ہے اور یہ بات قابل افسوس ہے کہ بعض اسلامی ممالک، صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بناتے ہوئے اسلامی ملکوں سے تعلقات ختم کر رہے ہیں۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ ایران، چابہار اور گوادر بندرگاہوں سے متعلق امور میں پاکستان کی پارلیمنٹ کے ساتھ تعاون کے لئے بھی آمادہ ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین اویس احمد خان لغاری نے بھی ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے منصوبے کی تکمیل سے متعلق اپنے ملک کے پختہ فیصلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پاکستان اور ہندوستان کی درمیان ثالثی سے متعلق تہران کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقے اور خلیج فارس کے تمام ممالک کو عالم اسلام کے اتحاد کو مضبوط بنانے کے لئے تمام اختلافات کے خاتمے اور آپس میں زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ے۔