علاقائی تعاون خطے کی سیکورٹی کی تقویت میں اہم ہے،ایران
ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے کمیشن کے چیئرمین علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ خطے میں ایران چین روس اور پاکستان کا باہمی تعاون سلامتی کی تقویت کے لئے مددگار ثابت ہو سکتا ہے
پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے جو پاکستان کے دورے پر ہیں اسلام آباد میں ایران کے سفیر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں علاقے میں سیکورٹی کی تقویت اوراقتصادی خوشحالی کے لئے ایران، چین، روس اور پاکستان کے باہمی تعاون پر زوردیا - علاء الدین بروجردی نے کہا کہ ایران اور پاکستان دو برادر اور ہمسایہ اسلامی ملک کی حیثیت سے گہرے تاریخی اشتراکات کے حامل ہیں - انہوں نے کہا کہ دونوں ہی ممالک باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے نئے اقدامات کرسکتے ہیں - انہوں نے ایران سے پاکستان کے لئے گیس پائپ لائن کے پروجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کئے جانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ہی اہم پروجیکٹ ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل سے بلاشبہہ پاکستان کی معیشت میں وسیع پیمانے پر تبدیلی آئے گی - علاء الدین بروجردی نے کہا کہ ایران نے اپنی طرف پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے امید ہے کہ پاکستان بھی جلد کام مکمل کرلے گا - قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے کمیشن کے چیئرمین نے ایران کی چابہار اور پاکستان کی گوادر بندرگاہ کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں بندرگاہوں اور راستوں سے استفادے میں ایران اور پاکستان کا باہمی تعاون اس بات کا باعث بنے گا کہ ایران اور پاکستان، چین اور وسطی ایشیا سے متصل ہوجائیں گے - انہوں نے کہا کہ ایران کے پاکستان اور ہندوستان دونوں سے اچھے تعلقات ہیں اور ایران، پاک و ہند کے تعلقات میں بہتری لانے کے لئے کردار ادا کرسکتا ہے - انہوں نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور پاکستان نے باہمی تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے -