ایران کی پالیسی افغانستان میں قیام امن میں مدد دینا ہے: محمد جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران کی پالیسی افغانستان کی قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت اور افغانستان میں قیام امن میں مدد دینا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کو تہران میں افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے تادا میچی یاما موتو سے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے انجام پانے والے سبھی اقدامات کی ایران حمایت کرتا ہے - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغانستان میں قیام امن اوراس ملک کی فلاح و بہبود کے لئے سبھی شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے - افغانستان کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے تادامیچی یاما موتو نے بھی اس ملاقات میں افغانستان کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اقدامات کو تعمیری قراردیتے ہوئے افغانستان کی قومی اتحاد کی حکومت کے لئے ایران کی حمایت کی تعریف کی -