امام خمینی رح تمام مسلمانوں سے متعلق ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر روحانی نے کہا ہے کہ امام خمینی رح کے ارشادات اور استقلال و آزادی جیسی اسلامی انقلاب کی امنگوں کو آگے بڑھانا اسلامی جمہوریہ ایران کا ایجنڈا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز اسلامی انقلاب کی اڑتیسویں سالگرہ کی آمد کے موقع پر اپنی کابینہ کے اراکین کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے مزار اقدس پر حاضری دی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ امام خمینی رح، اسلامی انقلاب کی کامیابی و توسیع کی راہ میں کسی بھی طرح مسلح جد وجہد کے خلاف تھے اور آپ ہمیشہ عوامی و ثقافتی جدوجہد پر تاکید فرماتے تھے۔
صدر مملکت نےاس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امام خمینی رح کی راہ، استقلال و آزادی کی راہ تھی، کہا کہ آزادی کی بہترین راہ اپنے ملک کی سرنوشت پر اغیار کے تسلط کی روک تھام کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم نہ تو اغیار نواز ہے اور نہ ہی اغیار سے کسی قسم کا کوئی خوف کھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کے دائرے میں اپنے قومی مفادات کے مطابق پوری دنیا کے ساتھ تعمیری مفاہمت کا خواہاں رہا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی حکومت، امام خمینی رح اور رہبر انقلاب اسلامی کے فرامین اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر کاربند ہے، کہا کہ امام خمینی رح کسی خاص طبقے کے نہیں بلکہ ایران اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما تھے۔