Feb ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران بھی امریکی اقدام کا جواب دے گا : نائب وزیر خارجہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران بھی امریکی شہریوں کے ویزے کے سلسلے میں جوابی اقدام کرے گا-

امریکہ اور یورپ کے امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے سات اسلامی ملکوں کے شہریوں پرامریکا میں داخلے پر پابندی کا حکم صادر کئے جانے کا جائزہ لینے کے لئے ایران کی پارلیمنٹ کے  قومی سلامتی کمیشن کے اجلاس کے بعد کہا کہ امریکی شہریوں کے ایران میں داخل ہونے کے لئے ویزہ جاری کرنے کے سلسلے میں جوابی اقدام کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے- مجید تخت روانچی نے مزید کہا کہ ویزے کی منسوخی کے سلسلے میں امریکی حکومت کا اقدام ایرانی شہریوں سمیت اسلامی ممالک کے خلاف تفریق آمیز اقدام ہے- امریکی صدر ٹرمپ نے ستائیس جنوری کو دہشت گردی کے مقابلے کے بہانے ایران ، عراق ، سوڈان ، صومالیہ ، لیبیا ، شام اور یمن جیسے اسلامی ملکوں کے شہریوں مہاجرین اور پناہ گزینوں کے امریکہ میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے - ایران کے نائب وزیر خارجہ نے ایران کےمیزائلی تجربات کے بارے میں بعض ملکوں کے دعوؤں کے سلسلے میں کہا کہ ایران ، دفاعی امور میں کسی سے اجازت نہیں لےگا اور ملک کی ضرورتوں کے مطابق جو بھی لازم ہوا ، انجام دے گا- تخت روانچی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کا میزائلی تجربہ کسی بھی طرح اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی نہیں ہے کیونکہ ، ایرانی میزائل ، ایٹمی وار ہیڈ لے جانے  کے لئے ڈیزائن نہیں کئے گئے ہیں -

ٹیگس