Feb ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • دنیا کی کوئی بھی طاقت ایران کو مفلوج کرنے کی طاقت نہیں رکھتی : رہبرانقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ایران کو مفلوج کرنے کی طاقت نہیں رکھتی۔

منگل کے روز امام خمینی سے بیعت کے یادگار دن کے موقع پر فضائیہ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ نئے امریکی صدر نے حکومت امریکہ  میں پائی جانے والی ان تمام خرابیوں اور فساد کو رائے عامہ کے سامنے کھول کر بیان کر دیا ہے کہ جنہیں ایران پچھلے اڑتیس سال سے دنیا کو بتاتا چلا آیا ہے۔

امریکی صدر کے اس بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران کو اوباما حکومت کا شکر گزار ہونا چاہیے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ کی پچھلی حکومت نے ایران کو مفلوج کرنے کی نیت سے ایران کے خلاف سنگین پابندیاں وضع کی تھیں لیکن اس کا یہ مقصد پورا نہیں ہوسکا۔

رہبرانقلاب اسلامی نے واضح کیا کہ امریکہ ہی نہیں بلکہ کوئی بھی دشمن، ایران کی عظیم قوم کو نقصان پہنچانے کی توانائی نہیں رکھتا۔قابل ذکر ہے کہ فضائیہ کے افسروں اور جوانوں نے آٹھ فروری انیس سو اناسی کو امام خمینی رح سے اپنی بیعت کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں ظالم شاہی حکومت کی چولیں ہل کر رہ گئی تھیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شیاطین  اور اسلامی حکومت کے وجود کی مخالفت کرنے والوں پر اعتماد کرنا سب سے بڑی غلطی ہے۔

 

ٹیگس