دنیا کو گفتگو اور مہربانی کی ضرورت، ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ دنیا کو گفتگو اور مہربانی کی دعوت دینے والے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے لکھا ہے کہ دنیا کو دیواریں کھینچنے اور روک لگانے والوں کی نہیں بلکہ گفتگو اور مہربانی کی دعوت دینے والے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے مذکورہ ٹوئیٹ میں مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی سے متعلق حکومت امریکہ کے فیصلے اور میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرنے پر کیتھولک عیسائیوں کے رہنما پوپ فرانسس کے موقف کی بھی قدردانی کی۔
عالمی کیتھولک رہنما پوپ فرانسس نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف میانمار کے سیکورٹی اہلکاروں کی بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ روہنگیا مسلمان، امن پسند ہیں لیکن انہیں پچھلے کئی برس سے مذہب کے نام پر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پچھلے چار ماہ کے دوران ستّر ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان سیکورٹی فورس کے تشدد سے بچنے کی خاطر ہمسایہ ملک بنگلہ دیش فرار ہو گئے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ ایران کے عوام نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے واضح کر دیا کہ وہ امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں۔