Feb ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران کا اسلامی انقلاب مشرق و مغرب کے بغیر کامیابی سے ہمکنار ہوا

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سماجی مشکلات کے حل کی سب سے بڑی ذمہ داری ہیومنٹیز اسکالرز پر عائد ہوتی ہے۔

صدر مملکت ڈاٹر حسن روحانی نے تہران میں آٹھویں فارابی بین الاقوامی فیسٹیول سے خطاب میں اس فیسٹیول کی تینتیس  منتخب شخصیات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ سماجی مسائل و مشکلات کے حل میں ہیومنٹیز اسکالرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہیومنٹیز صرف شناخت و تبدیلی کا نام نہیں ہے بلکہ سماج و معاشرے کو آگے بڑھانا ہے۔
صدر مملکت نے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد منعقد ہونے والے چونتیس انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے اسلامی انقلاب کے قابل فخر کارنامے سے تعبیر کیا اور کہا کہ ماہرین و مفکرین کو چاہئے کہ اسلامی انقلاب کی امنگوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سماج و معاشرے کی اصلاح کرنے کی کوشش کریں۔
انھوں نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب مشرق و مغرب کی حمایت کے بغیر کامیابی سے ہمکنار ہوا اور تمام محققین، مفکرین اور ماہرین اور ممتاز شخصیات کو چاہئے کہ اسلامی انقلاب کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے سب کی توجہ اس کی خصوصیات کی طرف مبذول کرائیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کو سماجی شناخت میں مکمل مہارت نہ ہوتی تو اسلامی انقلاب، علاقے کی ایک ایسی بڑی طاقت کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہو سکتا تھا کہ جس کی، دنیا کی تمام بڑی طاقتیں حمایت کر رہی تھیں۔
صدر مملکت نے آٹھویں بین الاقوامی فارابی فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں مختلف شعبوں میں اس فیسٹیول کی تینتیس منتخب شخصیات کی قدردانی بھی کی۔

ٹیگس