Feb ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، ڈاکٹر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران، علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات اور امن و استحکام کے فروغ کا خواہاں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز عمان اور کویت کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے خلیج فارس تعاون کونسل کے خیرمقدم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کی حکومت نے ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع، غلط فہمیاں دور کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل سے متعلق خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کی خواہش پر مبنی ایک پیغام ارسال کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کی پالیسی، پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات اور اسلامی ملکوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر استوار ہے اور تہران نے کبھی کسی بھی ملک کو جارحیت کا نشانہ بنانے، اس کے اندرونی امور میں مداخلت کرنے اور یا اپنے دینی و مذہبی عقائد نیز سیاسی عزائم مسلط کرنے کی فکر یا کوشش نہیں کی ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ علاقے کے ممالک، کافی فہم و سمجھ رکھتے ہیں اور وہ خود خلیج فارس کی سلامتی کا بخوبی تحفظ کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کے فروغ کے لئے کافی گنجائش و توانائی پائی جاتی ہے اور دو طرفہ تعلقات کی توسیع ہی ان کے اس دورے کا پہلا مقصد ہے۔

انھوں نے مشرق وسطی کی صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اس دورے میں وہ عمان اور کویت کے حکام سے علاقے منجملہ عراق، شام اور یمن کے بارے میں گفتگو کریں گے اس لئے کہ یمن میں خونریزی کا خاتمہ کرانے میں ان ملکوں کا کردار قابل ذکر اہمیت کا حامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر حسن روحانی بدھ کی صبح عمان کے شاہ کی باضابطہ دعوت پر اور دو طرفہ ملاقات و گفتگو کے لئے مسقط گئے ہیں جہاں سے وہ کویت بھی جائیں گے۔

 

ٹیگس