ایران اور عمان خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے پرعزم
ایران کے صدر نے یمن میں جنگ بندی اور اس ملک کے مظلوم عوام کی امداد کی غرض سے خطے کے تمام ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون میں اضافے کو ضروری قرار دیا ہے۔
مسقط میں عمان کے شاہ سلطان قابوس کے ساتھ ملاقات میں صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اور عمان آبنائے ہرمز کے تاریخی نگہبان رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون خطے کے استحکام اور سلامتی میں موثر واقع ہورہا ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ خطے ممالک اپنی ذمہ داریوں کو محسوس اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوشش کریں۔
صدر ایران نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی اور دیگر مشکلات سے دوچار علاقے کے ملکوں کی مدد کرتا رہے گا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانو فوبیا مہم کو عالم اسلام اور عرب دنیا کے مشترکہ دشمنوں کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران باہمی اختلافات اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ایران کی فوجی طاقت صرف اور صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور خطے کی سلامتی کا مستحکم حصار ہے۔
عمان کے سلطان قابوس نے اس موقع پر ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ میں تہران کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور خطے کے ملکوں کے درمیان تعلقات کا فروغ، خطے کی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صدر حسن روحانی جو سلطان قابوس کی دعوت پر بدھ کی صبح عمان پہنچے تھے، اپنا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے، کویت کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔