Feb ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • میونخ کانفرنس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقاتیں

ایران کے وزیر خارجہ نے میونخ کانفرنس کے موقع پر مختلف ملکوں کے اعلی حکام سے مختلف مسائل پر گفتگو کی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جنرمنی کے شہر میونخ میں سیکورٹی اجلاس کے موقع پر مختلف ملکوں کے حکام سے ہونے والی ملاقاتوں میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی صورت حال اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تہران نے ایٹمی معاہدے سمیت تمام بین الاقوامی معاہدوں پر عمل کیا ہے اور وہ موجودہ صورت حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

ان ملاقتوں میں محمد جواد ظریف نے یورپی ملکوں سے اپیل کی کہ وہ، علاقائی و عالمی سطح پر ایران سے ہراساں کئے جانے اور ایران سے خوف دلانے اور خوف و ہراس کا ماحول سازگار بنائے جانے کے مسئلے کا مقابلہ کریں۔

ان ملاقاتوں میں مختلف ملکوں اور اداروں نیز تنظیموں کے حکام نے بھی ایٹمی معاہدے کی اہمیت اور اس کی حمایت، ایران کی جانب سے اپنے معاہدوں کی پابندی، علاقائی و عالمی استحکام میں ایٹمی معاہدے کے اثرات، تمام فریقوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

میونخ کے سیکورٹی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ان ملاقاتوں میں علاقے کے مسائل منجملہ شام اور یمن، علاقے میں امن و استحکام کے تحفظ اور ان کے فروغ کے لئے دو طرفہ تعاون کی توسیع اور دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کئے جانے کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے میونخ کانفرنس کے موقع پر روس، فرانس، برطانیہ، اسپین، اٹلی، ناروے اور ترکی کے وزرائے خارجہ، یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ، آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اسلوانیہ کے صدر، جرمنی کے خارجہ پالیسی کمیشن کے چیئرمین، افغانستان کے صدر، عراق کے وزیر اعظم اور لبنان، پاکستان اور سنگاپور کے وزرائے دفاع سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور گفتگو کی۔

انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹرش سے ملاقات میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی ابتر صورت حال، یمن، شام اور عراق کے حالات اور ان ملکوں کے سلسلے میں اقوام متحدہ کے کردار کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

محمد جواد ظریف نے ان تمام ملکوں کے مسائل کے حل میں اقوام متحدہ کے بھرپور کردار کی ضرورت پر تاکید کی۔

انھوں نے علاقائی بحرانوں کے حل میں مدد و تعاون کے لئے ایران کی آمادگی کا بھی اعلان کیا۔

 اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی ایران کے ساتھ طے پانے والے گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس معاہدے کو عالمی امن و استحکام کی تقویت کا اہم عامل قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ اور وہ اس معاہدے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

انٹونیو گوٹرش نے تہران کا دورہ کرنے کے لئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی فرصت میں اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف میونخ سیکورٹی اجلاس میں شرکت کے لئے جمعے کے روز جرمنی گئے تھے۔

ٹیگس