ایران کی طاقت کا سرچشمہ اندرونی ہے، وزیر خارجہ جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے ایران کی سلامتی، معیشت، ٹکنالوجی اور دفاعی طاقت کا سرچشمہ اندرونی ہے اور عوام ہی اسلامی نظام کی اصل طاقت ہیں۔
تہران میں وزارت خارجہ کے شہیدوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران کا اسلامی نظام، عوام کی طاقت پر استوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے اڑتیس سال کے دوران، ایران نے ہرقسم کے دباؤ، پابندیوں، جنگ اور دشمنی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہر میدان میں سربلند ہوا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی سلامتی، معیشت، ٹیکنالوجی اور دفاعی طاقت کا سرچشمہ ایران کے باہر نہیں اندر سے پھوٹتا ہے۔
انہوں نے مشرق وسطی کی بدامنی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، تشدد، جھڑپوں اور بے رحمانہ قتل عام میں گھرے خطے میں واقع ہے، لیکن اس باوجود وہ ایٹمی ٹیکنالوجی سے لیکر استقامتی معیشت کے میدان تک ہر شعبے میں ترقی و پیشرفت کا راستہ طے کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران، ظالم اور جارح قوتوں کی حمایت کرنے والی عالمی طاقتوں کے مقابلے میں بھی پوری قوت کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے جو ملت ایران کو ترقی یافتہ ٹیکنالوجی سے محروم کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایثا وقربانی کے جذبے اور جہاد و شہادت کی بدولت آج ایران، دنیا میں ایک طاقتور اور ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرا ہے۔