ایران نے ہمیشہ عراق اور شام کی مدد کی ہے، لاریجانی
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے عراق و شام کی مدد پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مدد، مکتب و نظرئے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار کے تحفظ کے لئے ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کے روز مجلس شورائے اسلامی سے وابستہ شہید سیکورٹی اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا ہے کہ دنیا کی موجودہ صورت حال میں کچھ گروہ ایسے ہیں جو دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہیں مگر اس بنا پر کہ وہ کسی مکتب نظرئے سے تعلق نہیں رکھتے اس لئے ان کی جدوجہد کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مکتب و نظرئے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی بنیاد پر کارروائی شروع کی، کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنی تدبیر و ذہانت اور جدت عمل سے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے شہدائے مدافعین حرم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جب لوگ، روضوں کی حفاظت کے لئے عراق و شام جا رہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں تو ان کا یہ عمل، ان کے مکتب کی راہ میں ہوتا ہے۔مجلس شورائے اسلامی سے وابستہ شہید سیکورٹی اہلکاروں کی یاد میں منعقدہ اس پروگرام میں ان کی یادگار تصاویر کی نمائش بھی کی گئی۔