شاہراہ ریشم کے احیا میں ای سی او کے کردار پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے شاہراہ ریشم کے احیا میں اقتصادی تعاون کی تنظیم ای سی او کے اہم کردار کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو اسلام آباد میں ای سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ مواصلاتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے چین کے صدر کی "ون بیلٹ ون روڈ" تجویز ایک بڑی تحریک کی حیثیت سے پہچانی جاتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ای سی او تنظیم، ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں چین کی تجویز پر عمل اور تعاون کے سلسلے میں یہ تنظیم اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک، مشترکہ تعلقات کی تقویت اور اس بارے میں دلچسپی نیز رکن ملکوں کی اقتصادی ترقی میں مدد سے متعلق کچھ توقعات رکھتے ہیں اور اس تنظیم کی جانب سے ان تمام نکات پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ای سی او کے وزرائے خارجہ کے اسلام آباد اجلاس کے آغاز میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی جانب سے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو ای سی او کی نئی وزراتی کونسل کی چیئرمین شپ منتقل کی گئی۔