شہزادی کونین جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یوم شہادت، ایران کی فضا سوگوار و عزادار
شہزادی کونین دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار و عزادار ہے اور ملک کے گوشہ و کنار میں مجالس عزا برپا کی گئیں اور عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت نے عاشورائے فاطمی کے نام سے سوگواری کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے-
صدیقہ طاہرہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے جمعرات تین جمادی الثانی کو ایران کی فضا سوگوار و عزادار رہی اور پورا ملک سیاہ پوش ہے جبکہ اس موقع پر ایران میں عام تعطیل ہے ۔
ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بی بی دوعالم جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی مظلومانہ شہادت کی تاریخ کی مناسبت سے مجالس عزا برپا کی گئیں اور ماتمی دستوں نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرکے ام الائمہ کی مظلومیت پر اشک غم کا نذرانہ پیش کیا -
ایران کے گوشہ و کنار سے اطلاعات ہیں کہ گزشتہ کئی روز سے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مجالس غم کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو بدھ کی رات اور جمعرات کو اپنے عروج پر پہنچ گیا- مجالس عزاداری کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر اور قم المقدسہ میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں منعقد ہوئے جن میں ذاکرین اور علمائے کرام نے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں اور ان کے عظیم کمالات وفضائل پر روشنی ڈالی-
مشہد المقدس میں اس موقع پر لاکھوں سوگواروں اور زائرین نے مجالس میں شرکت کی اور آٹھویں امام (ع) کو ان کی جدہ ماجدہ کا پرسہ دیا- قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا حرم مطہر زائرین اور سوگواروں سے چھلکتا رہا اور ایران کے مختلف شہروں سے آنے والے زائرین اور ماتمی دستوں نے پورے دن نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری رکھا-
قم میں مقیم غیر ملکی طلبا نے بھی اپنے اپنے روایتی انداز میں صدیقہ طاہرہ کا غم منایا- حرم مطہر کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے اردو زبان زائرین کے لئے مجالس کا خاص اہتمام کیا گیا جن میں اردو زبان ذاکرین اور علما نے کئی روز تک مجالس کو خطاب کیا جبکہ پاکستان اور ہندوستان کی ماتمی انجمنوں نے بھی بھرپور انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی-
دارالحکومت تہران میں جہاں امام بارگاہوں اور مساجد میں مجالس کا سلسلہ جاری رہا وہیں شہر کے مختلف علاقوں کے بڑے بڑے اسکوائر اور چوراہوں پر عاشورائے فاطمی کے عنوان سے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی اور اہلبیت اطہار (ع) سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس مصیبت عظمی کا پرسہ دیا-
عراق کے مقدس شہروں میں بھی عراقی اور دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے والے زائرین کرام نے اس موقع پر اہلبیت اطہار (ع) کی مصیبتوں پر اشک عزا بہائے اور مجالس غم برپا کیں- نجف اشرف اور کربلائے معلی سے اطلاعات ہیں کہ لاکھوں کی تعداد میں عراقی اور غیر ملکی زائرین وہاں موجود تھے جنہوں نے سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے اہلبیت سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا اور جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مصیبتوں کو یاد کر کے جہاں آنسوؤں کا نذرانہ پیش کیا وہیں ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کا عہد کیا-
پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ ہر طرف مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا- پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں منجملہ لاہور، کراچی، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں عاشقان رسولۖ و آل رسولۖ نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے سوگواری کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے- اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے-
ہندوستان کے بھی سبھی علاقوں خاص طور پر لکھنو، ممبئی، دہلی، حیدر آ باد، سری نگر اور کرگل میں مجالس عزا کے بڑے بڑے پروگرام منعقد ہوئے اور ماتمی انجمنوں نے اپنے روایتی انداز میں نوحہ خوانی و سینہ زنی کی اور شہزادی کونین کی مصیبتوں پر اشک غم بہائے۔