ایران فرانس تعلقات کے فروغ پر تاکید
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران اور پیرس باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں پوری طرح پر عزم ہیں۔
تہران میں فرانس کے وزیر اقتصادیات، میشل ساپن سے بات چیت کرتے ہوئے ، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران فرانس کو اپنا اہم اقتصادی اور سیاسی شریک سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارسازی کے میدان میں مشترکہ سرمایہ کاری سے ایران اور فرانس کے درمیان تعاون فروغ پائے گا۔ایران کے وزیر خارجہ نے صدر حسن روحانی کے دورہ فرانس اور فرانس کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس، تہران اور پیرس کے تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔فرانس کے وزیر اقتصادیات، میشل ساپن نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک یورپی یونین کا ایک رکن ہے اور جامع ایٹمی مذاکرات میں شامل رہا ہے اور معاہدے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائے گا۔