ایران، آئیورا کے رکن ملکوں کے درمیان سمندری رابطوں کی تقویت پر زور
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بحر ہند کے ساحلی ملکوں کے درمیان تعاون کو خطے کی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا میں، انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تنظیم کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ، سمندری رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ، جنوب مشرقی ایران کی بندرگاہ چابہار کی اسٹریٹیجک پوزیشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ بندرگا شمال جنوب اور مشرق مغرب کوریڈور کا سنگم ہے اور بحر ہند کو خلیج فارس، مغربی و وسطی ایشیا، قفقاز اور یورپ کو ملانے کا سب سے محفوظ اور کمترین راستہ فراہم کرتی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ نے سمندری سیکورٹی کو یقینی بنانے اور سمندری آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔قابل ذکر ہے کہ ایران، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، ہندوستان، انڈونیشیا، کینیا، مڈغاسکر، ملائیشیا، موریشس ، موزمبیق، عمان، جزائرسیشل، سنگاپور، جنوبی افریقہ، سری لنکا، تنزانیا، جزائر قمر، صومالیہ، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارت، اور یمن، انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن کے رکن ممالک ہیں جبکہ، چین، جرمنی، جاپان، مصر، برطانیہ اور فرانس کو مبصر کا درجہ حاصل ہے۔