ہرمز دو بحری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ہرمز دو میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایئرو اسپیس ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے نے بتایا ہے کہ حالیہ چند روز کے دوران ہرمز دو کے نام سے بحری بیلسٹک میزائل کے تجربہ کیے گئے جو انتہائی کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہرمز دو میزائل نے کامیابی کے ساتھ دوسو پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اپنے انتہائی چھوٹے سے ہدف کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادے کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ بحیرہ عمان میں مکران کے ساحلوں سے کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہرمز دو میزائل، ایک بحری بیلسٹک میزائل ہے جو سطح سمندر پر تین سو کلومیٹر تک ہر قسم کے متحرک اہداف کو نشانہ بنانے کی توانائی رکھتا ہے۔ اس سے قبل ایران کے سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ تھا کہ ہرمز دو میزائل انتہائی اہم اور منفرد خصوصیات کا حامل بیلسٹک میزائل ہے۔ یہ میزائل، ایران کے میزائل پروگرام کے بانی، بریگیڈیئر جنرل شہید حسن تہرانی مقدم نے ڈیزائن اور تیار کیا تھا۔