Mar ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۳ Asia/Tehran
  • صدر کا دورہ ماسکو، ایران روس تعاون میں سنگ میل ثابت ہوگا، بہرام قاسمی

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا دورہ ماسکو دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے مجوزہ دورہ ماسکو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین برس کے دوران مختلف مقامات اور اجلاسوں میں دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان آٹھ بار ملاقات ہو چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صدر مملکت کے دورہ ماسکو میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان مختلف شعبوں دس سے زائد دستاویزات اور سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے دونوں ممالک میں کافی مواقع پائے جاتے ہیں اور دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت میں تمام شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو فروع دینے کے لئے ضروری عزم و ارادہ بھی پایا جاتا ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران اور روس کے درمیان صلاح و مشورے کو علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لئے ایک بنیادی قدم قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ پیر کو روس کے دورے پر ماسکو روانہ ہو رہے ہیں۔

ٹیگس