Mar ۲۷, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • صدر  ایران سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی روسی صدر کی دعوت پر ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچ گئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی ماسکو میں پیر کی رات روس کے وزیر اعظم مڈویڈیف کے عشائیے میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔

منگل کو ماسکو میں صدر مملکت کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائے گا جس کے بعد دونوں ملکوں کے سربراہوں کی زیرقیادت وفود کے درمیان مذاکرات اور تعاون کی دس سے زائد دستاویزات اور سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔

ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ ماسکو میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید توسیع کا نقشہ راہ بھی تیار کیا جائے گا۔

روس کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے بعد علاقے کے اہم ملک کی حیثیت سے روس کے ساتھ ایران کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور اس وقت بھی دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اور بین الاقوامی سطح پر خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے گذشتہ سال ایران اور روس کے درمیان تجارت کی شرح میں اسّی فیصد کے ہونے والے اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین مواقع پائے جاتے ہیں۔

ایران کے صدر نے اسی طرح دہشت گردی کے خلاف مہم کو تہران اور ماسکو کے مشترکہ عمل سے تعبیر کیا اور کہا کہ ایران اور روس کسی کی بھی جانب سے دہشت گردی کو علاقے میں تبدیلیوں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ایک حربے کے طور پر استعمال کئے جانے کے خلاف ہیں اور اس سلسلے میں بحران شام اور مشرق وسطی کے علاقے میں امن و استحکام کے قیام نیز دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران اور روس کے مثبت تعاون کی طرف اشارہ کیا جاسکتا ہے۔

ٹیگس