Mar ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے دو روزہ دورہ ماسکو کا اختتام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اپنا دورہ روس مکمل کر کے آج صبح واپس تہران پہنچ گئے-

 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے دورہ ماسکو میں روس کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کی اور باہمی علاقائی اور عالمی مسائل پر گفتگو کی-

ایران کے صدر نے ماسکو یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد اس یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کیا اور روس میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات اور بات چیت کی-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران کے لئے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مختلف میدانوں میں تعاون کی کافی گنجائش موجود ہے اور دونوں ملکوں کی حکومتیں بھی ان تعلقات کو فروغ دینے اور موجودہ وسائل سے استفادے کے لئے پرعزم ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ ، بین الاقوامی پہلو اور علاقائی سیکورٹی کے لحاظ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، کہا کہ آج دہشت گردی علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان گذشتہ دو برسوں کے درمیان بہت اچھے تعلقات رہے ہیں اور دونوں ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، علاقے میں امن و استحکام کے قیام کی کوشش اور عراق و شام کے مسائل کے حل کے سلسلے میں تعمیری تعاون کیا ہے-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے روسی صدر پوتن سے ملاقات میں شام، عراق، یمن اور افغانستان سمیت مختلف علاقائی مسائل اور وسطی ایشیا و قفقاز کے بارے میں بھی مذاکرات کئے-

روسی صدر پوتن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے درخواست کی کہ وہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای تک ان کا خصوصی سلام ضرور پہنچائیں-

ولادیمیر پوتن نے کرملین میں ہونے والی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں سب سے زیادہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور مختلف میدانوں میں تعاون کو تیزی سے فروغ دینے پر تاکید کی اور امید ظاہر کی کہ صدر مملکت روحانی کا دورہ ماسکو، تہران ماسکو تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہو گا-

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی روسی صدر پوتن کی دعوت پر پیر کو ماسکو کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوئے تھے اور منگل کو ماسکو میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات شروع ہوئے تھے-

صدر مملکت روحانی نے پیر کو روسی وزیر اعظم دیمتری مدویدیف سے ملاقات اور گفتگو کی تھی اور منگل کو ماسکو یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے کے بعد مختلف علاقائی اور عالمی مسائل کے موضوع پر خطاب کیا تھا-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے دو روزہ دورہ ماسکو میں کرملین ہاؤس کے قریب واقع الیگزینڈر گارڈن میں واقع گمنام سپاہی کے مقبرے پر پہنچ کر خراج تحسین بھی پیش کیا- 

ایران اور روس کے صدر نے ماسکو میں ملاقات اور مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور مختلف میدانوں میں باہمی اور علاقائی تعاون جاری رکھنے پر تاکید کی-

 

ٹیگس