ایران ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر طرح کے خطرے اور دھمکیوں کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے وہ دشمن کے ہر قسم کے ممکنہ حملے کا منہ توڑ جواب دے گا۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اس ہفتے کی نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ جب تک اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری اور اس کے نظام کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اس وقت تک ایران کسی کے سامنے براہ راست مقابلے پر نہیں آئے گا -
تہران کے خطیب جمعہ نے مغرب میں ایرانو فوبیا پھیلائے جانے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ مغرب اور علاقے کے بعض ملکوں میں ایرانو فوبیا کوئی نئی بات نہیں ہےاور اس کی وجہ بھی یہی ہے کہ ایران میں حقیقی اسلام اور انصاف کی حکمرانی ہے- انہوں نے کہا کہ حقیقی اسلام سے دشمن طاقتوں کے وجود کو خطرہ لاحق ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے یمن میں سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں اور بے گناہ یمنی شہریوں کے قتل عام کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک سعودی عرب کو ہتھیار فراہم کررہے ہیں اسی وجہ سے آل سعود حکومت مغربی ملکوں کی ایما پر اور بین الاقوامی اداروں کی خاموشی سے فائدہ اٹھا کر مظلوم یمنی شہریوں کا قتل عام کررہی ہے- انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے انسانی حقوق کے نام نہاد حامیوں کے سیاہ کارناموں کو اور بھی بدتر کردیا ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے یکم اپریل ایران میں یوم اسلامی جمہوریہ کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ اس دن ایران میں دینی جمہوریت کی مضبوط بنیاد ڈالی گئی- ان کا کہنا تھا کہ یکم اپریل انیس سو اناسی کو ایران کے عوام نے صرف اسلامی جمہوری نظام کو ہی ووٹ دیا تھا - انہوں نے آئندہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت انتہائی اہم نکتہ ہے -