Apr ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۰ Asia/Tehran
  • شام پر امریکی حملہ خطرناک بدعت ہے، وزیرخارجہ جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ شام پر امریکا کا حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ایک خطرناک بدعت ہے۔

وزیرخارجہ محمد محمد جواد ظریف نے ہفتے کو تہران میں ہنگری کے نائب وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران شام میں عام شہریوں پر کیمیائی حملے اورساتھ ہی شام پر امریکا کے میزائلی حملے کی، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ایک خطرناک بدعت ہے، مذمت کرتاہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کی عالمی تنظیم پہلے ہی شامی حکومت کے کیمیائی ہتیھاروں اور مواد کو نابود اور ملک سے باہر بھیج چکی تھی لیکن اس عالمی تنظیم نے دہشت گردوں کے کیمیائی ہتھیار ان سے نہیں لئے تھے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ شام پر امریکا کے حملے سے دہشت گرد عناصر بعد میں  غلط فائدہ اٹھائیں گے۔

امریکا کے حملے سے دہشت گرد عناصر بعد میں  غلط فائدہ اٹھائیں گے

انہوں نے کہا کہ جب بھی دہشت گرد گروہ جنگ میں کمزور اور شکست سے دوچار ہوں گے وہ کیمیائی حملہ کرکے دوسروں منجملہ امریکا کو شام کی جنگ میں شریک ہونے کی دعوت دیں گے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے دنیا میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے پھیلنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ادیان و مذاہب کے درمیان مشترکہ افہام و تفہیم اور بات چیت کے عمل کی تقویت کرنی چاہئے تاکہ عالمی امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ہنگری کے نائب وزیراعظم نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور ہنگری کے تعلقات پہلے سے زیادہ فروغ پارہے ہیں۔ انہوں نے بھی شام پر امریکا کے حملے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ شام کے بحران کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتاہے۔

ٹیگس