مغربی ممالک علاقے میں بحران کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں : ڈاکٹر علی لاریجانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ مغربی ممالک علاقے میں دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس بحران کی آگ کے شعلے مزید بھڑکائے جا سکیں۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں شام پر امریکہ کے حالیہ میزائل حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں جس سازش پر عمل کیا جا رہا ہے اسے ایک عرصے قبل مغربی ممالک نے تیار کیا ہے تاکہ بحران کی آگ کے شعلے زیادہ سے زیادہ بھڑکا کر اپنے مقاصد حاصل کر سکیں-
ڈاکٹر لاریجانی نے مزید کہا کہ اس جنگ کی آگ آخر کار مغرب کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی- ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے قومی سلامتی کمیشن اور پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی کمیشن کو علاقے میں امریکہ کی مہم جوئیوں کا بغور جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی سونپی-
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا قومی سلامتی کمیشن، بغور جائزہ لے تاکہ اگر ضروری ہوا تو اس سلسلے میں سفارتی اور سیاسی اقدامات بھی انجام پائیں-
امریکی فوج ادلب کے خان شیخون علاقے میں شامی فوج پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے جعلی و من گھڑت بہانے سے جمعے کو صبح سویرے صوبہ حمص میں شام کے فضائی اڈے الشعیرات پر میزائل برسائے-