ایران اور پاکستان باہمی تعلقات کو بڑھانے کے لئے پُرعزم
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان آئندہ منعقد ہونے والے 20ویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے تناظر میں دونوں ممالک کے حکام نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی سرگرمیوں کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
پاکستان ميں تعينات اسلامی جمہوریہ ايران کے سفير مہدی ہنردوست نے گزشتہ روز اسلام آباد ميں پاکستانی وزارت خزانہ کی ایڈشنل سیکرٹری حميرا احمد کے ساتھ ہونے والی ملاقات ميں آئندہ ہونے والے مشترکہ اقتصادی کميشن کے اجلاس پر تبادلہ خيال کيا۔
اس موقع پر فريقين نے آزادانہ تجارتی معاہدہ، بينکنگ چينلز، مشترکہ توانائی منصوبوں اور دونوںملکوں کے دارالحکومتوں کے مابین براہ راست پروازوں کے آغاز پر گفتگو کی ۔
پاکستان کی سيکريٹری خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ايران کے ساتھ مختلف شعبوں ميں تعلقات بالخصوص اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے پاکستان سے ايک اعلی سطح اقتصادي وفد عنقريب ايران کا دورہ کرے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کميشن کے 20ويں اجلاس ميں شرکت کرنا ہے۔
دوسری جانب ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر آصف علی خان درانی نے گزشتہ روز تہران كے استقلال ہوٹل ميں منعقدہ يوم پاكستان كی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان خطے کے معاملات پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک باہمی روابط کو مزید فروغ دینےکے لئے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا كہ كہ ايران اور پاكستان دو برادر ممالک ہيں اور مشكل وقت ميں ايک دوسرے كے ساتھ كھڑے ہيں۔